حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ محمد تقی بہجت فومنی رحمۃ اللہ علیہ کی سالانہ برسی کی پُروقار تقریب مسجد اعظم قم میں حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے جوار میں منعقد ہوئی۔ اس روحانی تقریب میں علمی و دینی شخصیات، مراجع تقلید کے نمائندگان، مجلس خبرگان کے اراکین، حوزہ علمیہ قم کے اساتذہ، طلاب، علماء اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد ذاکرین اہل بیت علیہم السلام نے مرثیہ خوانی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین حسن منفرد نے آیت اللہ بهجتؒ کی شخصیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ان کی مقبولیت کا راز خالص بندگی، سیر الی اللہ اور دنیا سے بے رغبتی کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ بهجتؒ صرف ایک مرجع دینی ہی نہیں بلکہ حقیقی عارف باللہ اور زاہد کامل تھے، جن کی سیرت نے عوام و خواص کو متاثر کیا۔
استاد حوزہ علمیہ نے آیت اللہ بهجتؒ کی عبادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: وہ نماز میں نہ خود کو دیکھتے تھے، نہ لوگوں کو، نہ اپنی عبادت کو۔ صرف اور صرف خدا کو دیکھتے اور اسی میں غرق ہو جاتے، ان کی عبادت کا خلوص اور ریا سے پاک ہونا، ان کی روحانی بلندی کا راز تھا۔ یہی کیفیت انھیں اعلیٰ عرفانی مقامات تک لے گئی۔
حجت الاسلام منفرد نے آیت اللہ بهجتؒ کی زندگی کا بنیادی اصول ذکر کرتے ہوئے فرمایا: "محرمات سے پرہیز اور واجبات کی پابندی، سیر الی اللہ کا پہلا زینہ ہے۔ یہی وہ چیز ہے جس پر آیت اللہ بهجتؒ نوجوانی سے کاربند رہے اور یہی راہ دوسروں کو دکھاتے تھے۔"
انہوں نے کہا: "خواہشاتِ نفس کا پیچھا کرنا، انسان کو ذلیل و بے اختیار بنا دیتا ہے، لیکن آیت اللہ بهجتؒ نے ان کے مقابلے میں زبردست مقاومت کا مظاہرہ کیا۔"









آپ کا تبصرہ